موت کا وقت
۔"" "" "" "" "
کسی گاؤں کے قریب ایک نہر کی کھدائی ہو رہی تھی۔ سینکڑوں مزدور دن رات مٹی کی کھدائی میں مصروف رہتے۔ ایک دن ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا: ہوا یوں کہ ایک دن ایک لڑکا چیخنے لگا :” سانپ، سانپ۔”مزدور دوڑے، مگر وہاں کچھ نہ تھا۔
جب اس لڑکے نے ایسا کئی بار کیا تو ٹھیکیدار نے سوچا کہ شاید یہ ناٹک کر رہا ہے، اسے بھوک لگ رہی ہے، یہ گھر جانا چاہتا ہے، اس کی حرکت سے کام کا بھی حرج ہو رہا ہے۔چنانچہ اس نے لڑکے کو چھٹی دے کر گھر بھیج دیا اور دوسرے مزدور کام کرنے لگے۔ کچھ حصے کی کھدائی کے بعد مزدوروں کو ایک سوراخ نظر آیا۔ انھیں یقین ہو گیا کہ اس بل میں ضرور سانپ موجود ہے۔ تھوڑا کھودنے پر واقعی ایک سانپ نکلا۔ مزدوروں کے پاس وہاں پھاوڑا کے علاوہ کچھ نہ تھا۔ایک مزدور نے پھاوڑا مارا اور سانپ کے دو ٹکڑے ہو گئے۔ ٹھیک اسی وقت ایک چیل آئی اور سانپ کے اگلے ٹکڑے کو لے اڑی۔ وہ لڑکا خوشی خوشی اپنے گھر جا رہا تھا۔ ابھی وہ گھر کے قریب پہنچا ہی تھا کہ آسمان سے ایک ادھ کٹا زندہ سانپ اس کے اوپر گرا، جس نے اسے ڈس لیا اور وہ فوراً مر گیا۔ یہ وہی سانپ تھا، مزدوروں نے جس کے دو ٹکڑے کر دیئے تھے اور جس کے اگلے حصے کو چیل لے اڑی تھی۔ اس لڑکے کو سانپ وہاں بھی کاٹ سکتا تھا جہاں وہ نہر کی کھدائی کر رہا تھا، لیکن اللہ تعالی نے اس کی موت اس کے کچھ منٹ بعد اور اس کے گھر کے قریب لکھ دی تھی، پھر چند منٹ پہلے اور گھر سے دور کیسے آتی؟
0 Comments